کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) الخدمت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام جاری بنو قابل پروگرام کے پہلے مرحلے کا تحریری امتحان آج بروز جمعرات منعقد ہوگا۔ امتحان کا اہتمام گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن، سِکس روڈ راولپنڈی میں کیا گیا ہے، جو شام 3 بجے شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل کلر سیداں سے دو ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کے علاوہ مختلف شعبۂ زندگی سے وابستہ افراد نے آئی ٹی کے اس پروفیشنل فری ٹریننگ پروگرام میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم و تربیت فراہم کر کے اُنہیں خود کفیل بنانا ہے۔پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے امیر زون محمد توقیر اعوان اور ان کی ٹیم کی جانب سے خصوصی کاوشیں کی گئی ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق بنو قابل ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے لیے کلر سیداں میں جدید لیب قائم کی جائے گی جہاں انہیں تین ماہ پر مشتمل فری آن لائن کورس کروایا جائے گا۔یہ اقدام الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
 
        





 
								 
				 
				