کہوٹہ(نمائندہ پنڈی پوسٹ)اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ محترمہ شیریں گل کی سربراہی میں کہوٹہ کلب میں ملکی سکیورٹی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف یونین کونسلوں کے نمبرداران اور معززینِ علاقہ نے شرکت کی۔اجلاس میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ ہر یونین کونسل میں کسی بھی مشکوک فرد یا سرگرمی کے بارے میں فوری طور پر انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کیا جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام کے قیام میں مقامی نمائندگان کا کردار نہایت اہم ہے اور عوام و انتظامیہ کے باہمی تعاون سے ہی سکیورٹی کو مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
نمبرداران اور یونین کونسل کے نمائندگان نے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اپنے اپنے علاقوں میں مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور بروقت اطلاع دی جائے گی۔اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی، عوامی تحفظ اور باہمی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔