ہم سلام پھیرتے ہیں، سلامتی بانٹتے نہیں!

عزیز چودھری

اللہ رب العزت جب کسی انسان کو اپنے قریب کرنا چاہتا ہے تو کبھی اسے آزمائشوں اور پریشانیوں سے گزارتا ہے۔ یہی دکھ اور مشکلات بعض اوقات انسان کو اس مقام پر لے جاتے ہیں جہاں اسے ہر طرف اللہ ہی اللہ نظر آنے لگتا ہے۔

آج اپنے ایک دوست کی روداد بیان کرنا چاہتا ہوں جس کا نام ایک وعدے کی وجہ سے ظاہر نہیں کر سکتا۔ وہ بظاہر ہنس مکھ، صاف دل اور ایماندار انسان ہے، مگر زندگی کی مسلسل جدوجہد نے اسے تھکا دیا تھا۔ اکثر شام کو میرے ساتھ بیٹھتا اور اپنی الجھنوں کا اظہار کرتا۔ دین کا خاصا مطالعہ رکھتا ہے اور قرآن و حدیث کے حوالے بھی دیتا رہتا ہے۔

ایک رات شدید پریشانی کے عالم میں گھر سے باہر نکلا۔ دل میں درد تھا، آنکھوں میں آنسو تھے اور زبان سے صرف اتنا نکلا:

یا ارحم الراحمین! تو تو سب جانتا ہے، تجھے بتانے کی کیا ضرورت، بس رحم فرما۔

اگلی صبح جمعہ کی نماز ادا کی اور رزق کی تلاش میں اپنے ہنر کے مطابق مختلف لوگوں سے ملاقاتیں کیں۔ اسے کام کی اچھی امید نظر آئی۔ عصر کی نماز ادا کرنے کے بعد مغرب میں کچھ وقت باقی تھا۔ پہلے سوچا کہ چہل قدمی کر لوں، پھر خیال آیا کہ عصر اور مغرب کے درمیان کا وقت بھی قیمتی ہے، کیوں نہ مسجد میں بیٹھ کر اللہ کو یاد کیا جائے۔

اسی دوران مسجد میں میری اس سے ملاقات ہوگئی۔ ہم دونوں مسجد میں بیٹھ گئے۔ وہ خاموشی سے ایک کونے میں بیٹھا گہری سوچ میں ڈوبا ہوا تھا۔ مغرب کی اذان ہوئی، جماعت کھڑی ہوئی اور ہم نے نماز ادا کی۔

نماز کے بعد امام صاحب نے اجتماعی دعا شروع کی تو میرا دوست اپنی دعا میں مشغول رہا۔ امام صاحب کی دعا ختم ہوگئی مگر وہ بدستور ہاتھ اٹھائے مانگتا رہا۔

مسجد سے باہر نکلے تو میں نے اسے بتایا کہ امام صاحب تمہیں عجیب نظروں سے دیکھ رہے تھے۔ اس نے جواب دیا کہ میں امام صاحب کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی دعا کے لیے دیر سے ہاتھ اٹھاتا ہوں۔ امام صاحب دعا کرتے ہیں تو ہم آمین کہتے ہیں، لیکن میں اپنی ذات کے ساتھ اپنے والدین، اہل و عیال، تمام مسلمانوں، زندہ اور فوت شدہ لوگوں کے لیے بھی دعا کرتا ہوں۔

پھر اس نے ایک ایسی بات کہی جس نے مجھے سوچنے پر مجبور کر دیا۔

کہنے لگا: ہم مسجدوں میں بھی دوسروں کی باتیں کرتے ہیں اور بعض اوقات انہی لوگوں کی غیبت کرتے ہیں جن کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر نماز پڑھتے ہیں۔ مسجد کو جنت کا ٹکڑا کہتے ہیں لیکن اسی مسجد میں بیٹھ کر دوسروں کی برائیاں بیان کرتے ہیں۔ کیا یہ ہمارے عمل اور دعوے کا تضاد نہیں؟

اس کے بعد اس نے نماز کے مفہوم پر گفتگو شروع کی۔ کہنے لگا کہ نماز میں ہم اللہ کی بڑائی بیان کرتے ہیں، اس کی حمد کرتے ہیں، اس سے ہدایت مانگتے ہیں، درود پڑھتے ہیں، اللہ کے سامنے اپنی بندگی کا اقرار کرتے ہیں اور آخر میں دائیں بائیں سلام پھیرتے ہیں۔

لیکن کیا ہم نے کبھی سوچا کہ اس سلام کا مطلب کیا ہے؟

اس کے نزدیک نماز کا آخری سلام محض ایک رسم یا الفاظ کی ادائیگی نہیں بلکہ ایک عملی پیغام ہے۔ ہم اپنے دائیں اور بائیں جانب سلامتی کا اعلان کرتے ہیں، مگر کیا مسجد سے باہر نکل کر بھی ہمارے دل میں دوسروں کے لیے سلامتی ہوتی ہے؟

کیا ہم ان لوگوں کے حقوق کا خیال رکھتے ہیں جن کے ساتھ نماز پڑھ کر باہر آتے ہیں؟ کیا ہم کسی کی عزت محفوظ رکھتے ہیں؟ کیا ہم غیبت، بغض، کینہ، حسد اور دوسروں کو تکلیف دینے سے بچتے ہیں؟

اس کی گفتگو کا حاصل یہ تھا کہ نماز میں جو سلامتی ہم زبان سے ادا کرتے ہیں، اسے اپنے کردار میں بھی شامل کرنا چاہیے۔ سلام پھیرنے کے بعد اگر ہم کسی کی دل آزاری کریں، کسی کا حق ماریں یا کسی کی غیبت کریں تو ہمیں اپنے طرزِ عمل پر ضرور غور کرنا چاہیے۔

قارئین کرام! میں اس دوست کی ہر مذہبی تشریح سے اتفاق یا اختلاف کا دعویٰ نہیں کرتا۔ نہ ہی میں کوئی عالمِ دین ہوں کہ نماز کے شرعی مسائل پر حتمی رائے دے سکوں۔ لیکن اس کی ایک بات میرے دل میں اتر گئی:

ہم سلام پھیرتے تو ہیں، لیکن کیا واقعی سلامتی بانٹتے بھی ہیں؟

ہم روزمرہ زندگی میں السلام علیکم کہتے ہیں، مگر کیا ہمارے دل میں بھی سامنے والے کے لیے سلامتی اور خیرخواہی ہوتی ہے؟ یا یہ الفاظ بھی صرف ہیلو اور ہائے کی طرح ہماری عادت بن چکے ہیں؟

میرے نزدیک اس پوری گفتگو کا سب سے اہم سبق یہی ہے کہ عبادت کا اثر ہمارے کردار میں نظر آنا چاہیے۔ نماز ہمیں اللہ کے قریب کرے اور اس کے بندوں کے حقوق کا احساس بھی دلائے۔

اللہ رب العزت ہمیں نماز کے مفہوم کو سمجھنے، اخلاص کے ساتھ عبادت کرنے اور اپنے قول و فعل سے دوسروں کے لیے سلامتی کا ذریعہ بننے کی توفیق عطا فرمائے۔

آمین یا رب العالمین۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.