(پنڈی پوسٹ نیوز)حکومت نے ملک میں گاڑیوں کی جانچ، معیار اور حفاظتی معیارات کی تصدیق کے لیے ایک جدید ادارہ قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جسے پاکستان آٹو موٹو ٹیسٹنگ انسٹی ٹیوٹ (PATI) کا نام دیا جائے گا۔ نئی آٹو پالیسی کے مسودے کے مطابق، اس اہم منصوبے پر 1 ارب 70 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ یہ ادارہ پاکستان میں تیار یا درآمد ہونے والی گاڑیوں کی حفاظت، ماحولیاتی اثرات اور کوالٹی کو جانچنے کا بنیادی مرکز ہوگا۔
وزارتِ صنعت و پیداوار اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے زیرِ نگرانی بننے والے اس ادارے کا مقصد ملک میں گاڑیوں کی ہومولوگیشن (ٹائپ اپروول) کے عمل کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہے۔ اس منصوبے کو 2028 یا 2029 تک مکمل کرنے کی تجویز ہے، جس سے پاکستان میں بننے والی گاڑیوں کی برآمدات اور مقامی مارکیٹ میں گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ کے مجموعی معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔