PTIوالوں میں اتنی ہمت ہوتی تو 27 ستمبر کو لانگ مارچ کرلیتے،اب 4اکتوبر کو بھی نہیں ہوگا،فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی رہنماؤں میں اتنی ہمت ہوتی تو مارچ 27 ستمبر کو ہی ہوجاتا، 4 اکتوبر کو بھی لانگ مارچ نہیں ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اسلام آباد جا کر لاشیں گرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو چیلنج کیا کہ وہ صوابی کراس کرکے اسلام آباد پہنچ کر دکھائیں۔ ان کے بقول پی ٹی آئی اپنے مارچ سے جان چھڑا رہی ہے اور چھپ رہی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ صوبے میں دہش*ت گردی پر قابو پایا جائے، مگر یہ پی ٹی آئی کے بس کی بات نہیں۔فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا کہ افغانستان سے دہشت گردی آرہی ہے اور افغانستان، بھارت اور اسرائیل کا سہولت کار بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پھیلانے والوں کو سبق سکھانا ہے، اس کے بعد بارڈر بھی کھل جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص ریاستِ پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھائے گا، اس کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ پاک فوج قوم اور دفاعِ وطن کے لیے قربانیاں دے رہی ہے، تاہم انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہماری صوبائی قیادت کبھی کسی فوجی کے جنازے میں گئی ہے؟

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے حالات بھی ٹھیک نہیں ہیں، تاہم وہاں کا وزیراعلیٰ اپنے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے، خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کو بھی اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے مگر وہ کہتے ہیں کہ اُن کے پاس اختیارات نہیں، اگر کیہ بات ہے تو پھر انہیں اخلاقاً استعفیٰ دے دینا چاہیے۔