کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی اور محرم الحرام انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس

اٹک (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس اٹک میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس اور محرم الحرام 1448ھ کے انتظامات کے حوالے سے الگ الگ اہم اجلاس منعقد ہوئے۔ اجلاسوں میں ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا، ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اٹک سردار موارہن خان، ضلعی امن کمیٹی کے اراکین، علمائے کرام، مشائخ عظام، مختلف مکاتب فکر کے نمائندگان، اسسٹنٹ کمشنرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ضلع اٹک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی، محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد، سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، بجلی کی فراہمی، ہنگامی طبی سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی بہترین روایت موجود ہے جسے برقرار رکھنے کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء اور امن کمیٹی کے اراکین اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے اجلاس کو سکیورٹی پلان کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران تمام حساس اور انتہائی حساس مجالس و جلوسوں کی خصوصی نگرانی کی جائے گی۔ پولیس، ایلیٹ فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، سرچ اینڈ سویپ آپریشنز، داخلی و خارجی راستوں کی چیکنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محرم الحرام کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ تمام تحصیلوں میں انتظامی افسران کو متحرک کر دیا گیا ہے جبکہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی، نکاسی آب، سٹریٹ لائٹس، پینے کے صاف پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے ہمہ وقت تیار رہیں گے۔ڈی پی او سردار موارہن خان نے کہا کہ ضلعی پولیس محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائے گی اور امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔

اجلاس میں ضلعی امن کمیٹی کے اراکین اور علمائے کرام نے ضلع میں قیام امن کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی رواداری، اتحاد بین المسلمین اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔

اجلاس کے اختتام پر کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ محرم الحرام کے ایام پرامن، محفوظ اور منظم انداز میں گزر سکیں۔