اٹک: سالار چوک کے قریب فائرنگ، 58 سالہ شخص جاں بحق


اٹک کے علاقے سالار چوک، مسجد ذکریا کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ضلع شانگلہ کے رہائشی 58 سالہ محمد اسد ولد صادق جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اٹک کی ایمبولینس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے طبی معائنہ کیا، تاہم محمد اسد زخموں کی شدت کے باعث جان کی بازی ہار چکے تھے۔
اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور واقعے کی ابتدائی تفتیش کا آغاز کر دیا۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت کو ضلع ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کر دیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے محرکات اور ملوث افراد کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ مزید تفصیلات تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔