اٹک (نمائندہ پنڈی پوسٹ) ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان، سیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی پولیس کے افسران، ریسکیو 1122، صحت، بلدیات، سول ڈیفنس، ہائی ویز، واپڈا، محکمہ ماحولیات، اطلاعات سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد، سیکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی، بجلی کی بلا تعطل فراہمی، پینے کے صاف پانی، طبی سہولیات، ٹریفک مینجمنٹ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے کہا کہ “محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ تمام ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ عزاداران کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے اور ضلع بھر میں پرامن ماحول برقرار رہے۔”ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں محرم الحرام کے انتظامات کا ازخود جائزہ لیں اور کسی بھی ممکنہ مسئلے کے فوری حل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر صفائی، روشنی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ افسران نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے لیے جامع انتظامی و سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے جبکہ حساس مقامات پر خصوصی نگرانی کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔ضلعی پولیس کے افسران نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ جلوسوں اور مجالس کی کڑی نگرانی کے لیے اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، سرچ و سویپ آپریشنز اور داخلی و خارجی راستوں کی مؤثر چیکنگ کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر اٹک نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دیں اور حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائیں۔