سرگودھا(شکیل خان سے)اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ساہی وال ڈاکٹر سہیل ابراہیم کے مختلف زرعی ادویات ڈیلروں کی دکانوں پر چھاپے، زرعی ادویات کے نمونے لے کر لیبارٹری ارسال کر دییتفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) تحصیل ساہی وال ڈاکٹر سہیل ابراہیم کی زیر نگرانی خریف سیزن 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں زرعی مداخل کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے مختلف کھاد و زرعی ادویات فروخت کرنے والے ڈیلرز کی دکانوں پر چھاپے مارے گئے اور موقع پر موجود اشیاء کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔کارروائی کے دوران متعدد ڈیلرز سے زرعی ادویات اور فاسفیٹک کھادوں کے کل 10 نمائندہ نمونے مقررہ طریقہ کار کے مطابق حاصل کیے گئے۔ ان نمونوں کو سیل کر کے مزید کیمیائی و معیاری تجزیے کے لیے مستند لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ آیا یہ مصنوعات سرکاری معیار اور غذائی اجزاء کی مقررہ مقدار کے مطابق ہیں یا نہیں۔محکمہ زراعت کے مطابق اس اقدام کا مقصد کسانوں کو معیاری زرعی مداخل کی فراہمی کو یقینی بنانا،
جعلی اور غیر معیاری ادویات و کھادوں کی روک تھام کرنا اور فصلات کی بہتر پیداوار حاصل کرنا ہے۔ خریف سیزن میں خصوصاً چاول، مکئی، کپاس اور چارہ جات کی کاشت کے پیش نظر معیاری کھادوں اور ادویات کی دستیابی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ڈاکٹر سہیل ابراہیم نے اس موقع پر عزم کا اظہار کیا کہ تحصیل بھر میں زرعی مداخل کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
