مری (نمائندہ خصوصی): ضلع مری کی تحصیل کوٹلی ستیاں کے علاقے امبانی موڑ، کرور کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں مسافر کوسٹر بس گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 سمیت قریبی ایمرجنسی ریسورسز کو فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا گیا۔ ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ ایمبولینسز اور دیگر ضروری وسائل بھی موقع پر پہنچ رہے ہیں۔
حادثے کی سنگینی کے پیش نظر مری اور راولپنڈی سے اضافی ایمبولینسز بطور بیک اپ روانہ کر دی گئی ہیں تاکہ امدادی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
واقعے کی اطلاع فوری طور پر ٹریفک پولیس اور متعلقہ اداروں کو بھی دے دی گئی ہے تاکہ ریسکیو آپریشن کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ کر بھرپور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جن میں متاثرہ افراد کو بحفاظت نکالنا، ابتدائی طبی امداد فراہم کرنا اور قریبی ہسپتالوں میں منتقل کرنا شامل ہے