میرپور میں جرائم کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تھوتھال پولیس نے اقدام قتل میں ملوث تین خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان میرپور پولیس کے مطابق ایس ایس پی میرپور خرم اقبال کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت احکامات جاری کیے گئے تھے۔ ان ہدایات کی روشنی میں ایس ایچ او تھانہ تھوتھال فیصل صدیق نے نفری کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کیا۔
گرفتار ملزمان میں عماد ولد طاہر حسین شاہ (ساکن بیال ضلع کوٹلی)، سعد ولد ریاض (ساکن کھوئی رٹہ ضلع کوٹلی) اور عمر ولد تعظیم (ساکن ایف تھری میرپور) شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ آتشیں بھی برآمد ہوا ہے، جس میں دو عدد رائفل، میگزین اور بڑی مقدار میں روند شامل ہے۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان نے 24 مارچ 2026 کو اندرلہ ٹال، ضلع کوٹلی میں احتشام بشیر نامی شخص پر فائرنگ کی تھی، تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ واقعے کے بعد ملزمان سفید رنگ کی گاڑی میں فرار ہوگئے تھے۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ کھوئی رٹہ میں درج کیا گیا تھا، جبکہ ملزمان روپوش ہو کر تھوتھال کے علاقے میں چھپے ہوئے تھے۔ پولیس نے جدید تکنیکی مہارت اور حکمت عملی کے ذریعے ان کا سراغ لگا کر گرفتار کیا اور اسلحہ سمیت گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا۔
بعد ازاں ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ کھوئی رٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی میرپور خرم اقبال نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او تھوتھال اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عوام کے تحفظ کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.