کہوٹہ(نمائندہ پنڈی پوسٹ)مریم نواز کے صاف ستھرا پنجاب ویژن کے تحت تحصیل کہوٹہ میں انسدادِ کوڑا کرکٹ سے متعلق ایک پروقار آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک میں اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ، مختلف سرکاری و نجی اداروں کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
صاف ستھرا پنجاب مہم کی روشنی میں منعقدہ اس آگاہی واک کا مقصد شہریوں میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور ماحول دوست طرزِ عمل کو فروغ دینا تھا۔اس موقع پر سی ٹی ڈی ایس جے پرائیویٹ لمیٹڈ کے جنرل منیجر شعیب رانا، تحصیل منیجر وقار کیانی، تحصیلدار و پرائس مجسٹریٹ مرزا منصور سمیت دیگر معززین بھی شریک ہوئے۔
اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ نے خطاب کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کوڑا کرکٹ سڑکوں، نالیوں اور خالی پلاٹوں میں پھینکنے سے گریز کریں اور اسے مقررہ ڈسٹ بنز میں ڈالیں تاکہ بیماریوں کی روک تھام کے ساتھ شہر کی خوبصورتی برقرار رکھی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ صاف ماحول ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے انتظامیہ اور عوام کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام میں صفائی کو نصف ایمان قرار دیا گیا ہے، لہٰذا کہوٹہ کے عوام سرکاری اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے شہر کو صاف اور خوبصورت بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.