اسلام آباد(اویس الحق سے)سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے جن میں پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی منظوری بھی شامل ہے۔
اجلاس میں کابینہ نے سعودی وزارت داخلہ اور پاکستانی وزارت داخلہ کے درمیان سائنسی، تربیتی اور تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کے لیے دو طرفہ معاہدے پر دستخط کی اجازت دے دی۔
اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے سکیورٹی اور انتظامی شعبوں میں تجربات کے تبادلے کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
کابینہ نے سعودی اور پاکستانی وزارت صحت کے درمیان ریگولیشن، کوآرڈینیشن اور طبی شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے معاہدوں کی منظوری بھی دی جس سے صحت کے نظام، پالیسی سازی اور طبی سہولیات میں مشترکہ پیش رفت کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔
اجلاس کے دوران دیگر علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ سعودی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔