لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے سرکاری تعلیمی اداروں میں اصلاحات کے لیے اہم فیصلوں کی منظوری دے دی ہے، جن کے تحت اساتذہ کے لیے پروفیشنل ڈریس کوڈ متعارف کرایا جائے گا جبکہ اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سرکاری اسکولوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری اساتذہ کے لیے باقاعدہ پروفیشنل ڈریس کوڈ نافذ کیا جائے گا تاکہ تعلیمی اداروں میں پیشہ ورانہ ماحول کو فروغ ملے اور طلبہ پر مثبت اثرات مرتب ہوں۔
اجلاس میں صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں مرحلہ وار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی بہتر ہوگی، نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے گا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کارروائی ممکن ہوگی۔
مزید برآں امتحانی نظام میں اصلاحات کے تحت نیا ایگزامینیشن گریڈ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئے نظام کے مطابق 15 مارچ سے امتحانات کا آغاز ہوگا جبکہ 31 مارچ کو نتائج جاری کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق اس نظام سے نتائج کی بروقت تیاری اور شفافیت میں اضافہ ہوگا۔
پنجاب میں پہلی مرتبہ آن لائن پیپر چیکنگ سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت امتحانی پرچوں کی جانچ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے انسانی غلطیوں کے امکانات کم ہوں گے اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ تمام فیصلوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ صوبے میں تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.