ارشد بھٹی نمائندہ پنڈی پوسٹ
گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول ڈیرہ خالصہ میں کمپیوٹر لیب کا افتتاح، ساڑھے چار لاکھ روپے کی لاگت سے منصوبہ مکمل ہوگیا ہے
گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول ڈیرہ خالصہ میں جدید کمپیوٹر لیب کی افتتاحی تقریب نہایت جوش و خروش اور وقار کے ساتھ منعقد ہوئی۔ تقریب میں معزز مہمانانِ خصوصی خالد محمود عباسی (تحصیل کوآرڈینیٹر و سینئر ہیڈ ماسٹر کلر سیداں)، سماجی کارکن ارشد محمود بھٹی، وحید افضل، اسد ملک اور امانت علی (سینئر سبجیکٹ اسپیشلسٹ راولپنڈی) نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے آغاز پر ادارے کے طلبہ نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا، جس سے تقریب کا وقار مزید بڑھ گیا۔ شرکاء نے طلبہ کے نظم و ضبط اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔
کمپیوٹر لیب کا قیام سکول کونسل ممبران، اساتذہ کرام اور اہلِ علاقہ کے باہمی تعاون سے ممکن ہوا۔ منصوبے کے لیے چوہدری جاوید نے ایک لاکھ روپے، راجہ جنید ایڈووکیٹ نے 25 ہزار روپے، راجہ شاہین صابر اور ان کے احباب نے 40 ہزار روپے، ملک اعجاز در امید فاؤنڈیشن نے 25 ہزار روپے، سکول سٹاف نے ایک لاکھ روپے جبکہ ایک لاکھ روپے سرکاری فنڈ سے فراہم کیے گئے۔ اس طرح مجموعی طور پر ساڑھے چار لاکھ روپے کی لاگت سے کمپیوٹر لیب مکمل کی گئی۔
پرنسپل احمد اکرام، خالد محمود عباسی، ارشد محمود بھٹی، وحید افضل اور ٹیچر مدثر خالد نے اپنے خطابات میں لوکل کمیونٹی اور اساتذہ کی جانب سے دی گئی مالی معاونت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے جدید دور میں کمپیوٹر تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی سے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے، جو طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بناتی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ہائیر سیکنڈری سکول میں داخل کروا کر ان کے روشن مستقبل کی بنیاد مضبوط کریں۔
تقریب میں راجہ عادل، محمد شاہین، مرزا ساجد اور دیگر معززینِ علاقہ نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے پرنسپل احمد اکرام کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ادارے کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور دیگر ضروریات کی تکمیل کے لیے بھی ہر ممکن مدد کا عزم ظاہر کیا۔
تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور شرکاء نے ادارے کی ترقی و کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔