اسلام آباد(اویس الحق سے)وزیراعظم شہباز شریف نے آسٹریا کے چانسلر کرسچئین کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات میں جرمن زبان میں گفتگو کی اور یہ پاکستان کے کسی بھی وزیراعظم کی بیرون ملک دورے پر غیرملکی زبان میں پہلی تقریر ہے۔
آسٹریا میں فیڈرل چانسلری آمد پر وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا جہاں آسٹریا کے چانسلر کرسچئین اسٹاکر نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ باضابطہ استقبالیہ تقریب کے دوران دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ آسٹرین مسلح افواج کے دستے نے وزیرِ اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیرِ اعظم نے چانسلر کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے جرمن زبان میں کہا کہ جناب چانسلر آپ سے دوبارہ ملاقات پر مجھے خوشی ہوئی مجھے آپ کے ساتھ گزشتہ سال نیویارک میں ہونے والی ملاقات یاد ہے، وزیراعظم نے کہا کہ میں آپ کے دور صدارت نیز پاکستان اور آسٹریا کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی سے بہت متاثر ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب میں جوان تھا تو آسٹریا آیا تھا میں نے موزارٹ کے شہر سالز برگ اور یہاں ویانا میں شوئن برن محل کا دورہ کیا مجھے گرمائی رہائش گاہ میں خوش آمدید کہا گیا، میں نے ویانا اسٹیٹ کا دورہ کیا جہاں میں نے ویانا کی کافی کا بھی لطف اٹھایا جو شاندار اور عمدہ تھی ۔
لاہور میں ہمارے پاس آسٹریا کے تعاون سے قائم کیا گیا ایک ثقافتی سینٹر بھی ہے جس کا میں پیٹرن ہوں،یہ ثقافتی تعاون پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دوستی کو فروغ دینے میں بہت معاون ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں آپ کے لیے پاکستان کے عوام کی والہانہ نیک تمنائیں اور اپنی حکومت کا واضح پیغام لے کر آیا ہوں۔پاکستان کاروبار کے لیے کھلا ہے اور پاکستان آسٹریا شراکت داری کے نئے مرحلے کے لیے تیار ہے میری حکومت نے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں،ہم آسٹریائی دوستوں کو خوش آمدید کہیں گے کہ وہ پاکستان میں موجود وسیع مواقع سے استفادہ کریں۔