سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ایران کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات و تجارت پر بات چیت

اسلام آباد(اویس الحق سے)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے اسلامیہ جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کی ملاقات ہوئی جس دو طرفہ تعلقات، تجارت، توانائی اور علاقائی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کا خیر مقدم کیا۔ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے شاندار استقبال پر اظہار تشکر کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایرانی سرمایہ کاروں کو زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں می ںسرمایہ کاری کی دعوت دی جبکہ وزیر اعلیٰ نے اقتصادی اور سماجی تعلقات کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ساتھ دینے پر وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔

محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا دروازہ فراخ دلی سے کھلا رکھے تو مذاکرات سے بڑے بڑے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ ایران نے جواں مردی کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے لیے بہت سی دعائیں اور نیک خواہشات ہیں، ایرانی عوام ہمیشہ دعاؤں کا حصہ رہے ہیں۔

ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو جسم، ایک روح کی مانند ہیں، محمد نواز شریف جیسے عظیم لیڈر کی عالم اسلام کو بہت ضرورت ہے۔ عالم اسلام کی سربراہی اور پاک ایران تعلقات کے فروغ میں محمد نواز شریف جیسے لیڈر کی بہت ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم محمد نواز شریف کی صحت اور حفاظت کے لیے ہمیشہ دعا گو رہتی ہے، محمد نواز شریف خطے کی صورتحال سے مکمل آگاہ ہوں گے لیکن پاکستان کو بڑا سمجھتے ہوئے مل کر باتیں کرنے میں دلی سکون محسوس کرتے ہیں۔

ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاکستان کا بڑا ہونے کے ناطے ایرانی عوام اور حکومت کی طرف سے معاملات محمد نواز شریف کے علم میں لانا ضروری سمجھتا ہوں۔ نواز شریف صاحب کو پاکستان کی حفاظت کرنے والا ستون سمجھتے ہیں۔

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران ایک خطہ اور ایک برادری اور ایک قوم ہیں، دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں بہت گہرائی پائی جاتی ہے۔ فارسی زبان اور طلبہ کے امور حل کرانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔