گوجرخان(نمائندہ پنڈی پوسٹ)جی ٹی روڈ پر دو انڈر پاسز کی تعمیر کے منصوبے پر باضابطہ طور پر عملی کام شروع ہو گیا ہے۔اتوار کو شہر کے مختلف مقامات پر مارکنگ کا عمل مکمل ہو گیا،اس موقع پر اعلیٰ حکام کو موقع پر ہی منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ مجوزہ دونوں انڈر پاسز گلیانہ موڑ سے بڑکی پہلا موڑ کے درمیان تعمیر کیے جائیں گے، جس سے نہ صرف جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی بہتر ہو گی بلکہ شہر میں داخلے اور اخراج کے مسائل میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔اور حادثات میں کمی واقع ہو گی،حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں تکنیکی، سروے اور انتظامی امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جبکہ تعمیراتی کام آئندہ چند روز میں پوری رفتار سے شروع کر دیا جائے گا۔شہری حلقوں نے اس منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دو انڈر پاسز کی تکمیل سے گوجرخان کو جدید شہری سہولیات میسر آئیں گی اور دیرینہ ٹریفک مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔