راولپنڈی(اویس الحق سے)چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی دہشت گرد جماعت ہے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے تاہم کے پی اسمبلی کو آن بورڈ لینے کی ضرورت ہے۔
داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بہت افسوس کی بات ملاقاتیں نہیں ہورہیں، ہر ہفتے ہم آتے ہیں، انتظار کرکے واپس چلے جاتے ہیں پتا نہیں ان کو کس نے پٹی پڑھائی ہے کہ ملاقات نہ کرانا اچھا عمل ہے حالانکہ ملاقاتیں ہوں گی تو حالات میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ فروری 2025ء سے پارٹی لیڈرشپ کی کوئی ملاقات بانی سے نہیں ہوئی عدالتوں کے احکامات پر عمل ہونا چاہیے، جتنا آپ ملنے سے روکیں گے اتنا ہی عوام کی ہمدردیاں بانی سے بڑھیں گی۔
سہیل آفریدی کے دورہ کراچی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی نے دورہ سے قبل سندھ حکومت کے رویے پر شکریہ ادا کیا تھا بدقسمتی سے سہیل آفریدی کے دورہ کراچی کے آخری دن رویہ بدل گیا، حیدرآباد سے واپسی پر سہیل آفریدی کا راستہ روکا گیا، سندھ حکومت نے پہلے جلسے کی اجازت دی پھر راستے روک دئیے، سہیل آفریدی جہاں جہاں ئے کوئی ایک گملا تک نہیں ٹوٹا، عوام نے سہیل آفریدی کا استقبال کیا اور اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی اور بشریٰ بی بی کی فیملی کو کبھی ہم نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ڈسکس نہیں کیا، پارلیمانی پارٹی کا ایجنڈا پارلیمینٹ سے متعلق تھا، پارلیمانی پارٹی میں زیادہ تر گفتگو اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن پر کی گئی، آئینی توازن ہر حال میں ہونا چاہیے، دہشت گردی کے مسئلے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے دہشت گردی کے مسئلے پر نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہونا چاہیے دہشتگردی ایک ناسور ہے، دہشت گردوں سے متعلق کسی کے دل میں نرم گوشہ نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا نوٹی فکیشن ہونا خوش آئند ہے، اگست سے یہ نشست خالی ہے ساری اپوزیشن کی جانب سےاپوزیشن لیڈر کا ایک ہی امیدوار ہے اور وہ ہے محمود خان اچکزئی، آج سارا پراسس مکمل ہوگیا امید ہے جمعرات تک نوٹی فکیشن آجائے گا اپوزیشن لیڈر کا نو ٹی فکیشن ہونا اعتماد سازی کی جانب اہم قدم ہوگا۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.