کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں وزیر اعلیٰ پنجاب کی گرین ٹریکٹر اسکیم فیز تھری کا آغاز، کاشتکاروں سے درخواستیں طلب۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گرین ٹریکٹر اسکیم فیز تھری کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار گرین ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے تاکہ جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ اور کسانوں کی پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کلر سیداں ڈاکٹر تانیہ صفدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسکیم کے لیے درخواستوں کی وصولی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام کاشتکار جن کے پاس 40 کنال یا اس سے زیادہ ملکیتی رقبہ ہے، آن لائن درخواست دینے کے اہل ہیں۔ڈاکٹر تانیہ نے مزید کہا کہ غیر کمپیوٹرائزڈ موضع جات کے زمیندار اپنے فردِ جدید اور قومی شناختی کارڈ کی کاپی کے ساتھ محکمہ زراعت توسیع کے دفتر سے رجوع کریں تاکہ وہ بھی اس اسکیم کا حصہ بن سکیں۔
انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی درخواستیں 20 جنوری سے قبل جمع کروائیں۔ ڈاکٹر تانیہ نے کہا کہ یہ اسکیم کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے حکومت پنجاب کی عملی کوششوں کا حصہ ہے۔مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے کاشتکار محکمہ زراعت توسیع کلر سیداں کے دفتر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔