وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اربن پلاننگ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں دنیا کے جدید ترین شہروں میں شمار ہونے والے شنگھائی کے ماسٹر پلان، شہری ترقی اور جدید سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران محسن نقوی کو بتایا گیا کہ کس طرح شنگھائی نے طویل المدتی منصوبہ بندی، جدید انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ سسٹم، رہائشی زونز، گرین بیلٹس اور اسمارٹ سٹی اقدامات کے ذریعے خود کو ایک عالمی ماڈل شہر میں تبدیل کیا۔وزیر داخلہ کو شنگھائی کی ترقی کے مختلف مراحل، حکومتی پالیسیوں، نجی شعبے کے کردار اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماسٹر پلان پر سختی سے عملدرآمد اور شفاف گورننس نے شنگھائی کو معاشی، تجارتی اور شہری ترقی کا مرکز بنایا۔ محسن نقوی نے شنگھائی ماڈل کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً اسلام آباد اور دیگر بڑے شہروں میں جدید اربن پلاننگ کے ذریعے شہری مسائل کا مؤثر حل نکالا جا سکتا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی ناگزیر ہے تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی، ٹریفک اور رہائشی مسائل سے نمٹا جا سکے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عالمی ماڈلز سے سیکھ کر پاکستان میں پائیدار ترقی کے نئے راستے کھولے جا سکتے ہیں۔