کلر سیداں میں غیر قانونی پٹرول ایجنسی پر چھاپہ، دو افراد گرفتار

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں کے گنجان آباد علاقے میں قائم ایک غیر قانونی پٹرول ایجنسی کے خلاف تھانہ کلر سیداں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایک ممکنہ بڑے حادثے کے خدشے کے پیش نظر کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کو مخبرِ خاص کے ذریعے اطلاع ملی تھی کہ دوبیرن کلاں کی شہری آبادی میں ایک دکان سے بغیر کسی لائسنس اور حفاظتی انتظامات کے کھلے عام پٹرول اور ڈیزل فروخت کیا جا رہا ہے، جو اردگرد رہائشی گھروں کے لیے شدید خطرہ بن چکا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور دکان پر چھاپہ مارا۔چھاپے کے دوران پولیس نے دیکھا کہ فیصل شاہ، سکنہ مانسہرہ، اور محمد ضمیر، سکنہ دوبیرن کلاں، غیر قانونی طور پر پٹرول فروخت میں مصروف تھے۔

دونوں ملزمان کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا گیا۔دکان کی تلاشی کے دوران پولیس نے 45 لیٹر کھلا پٹرول، دو عدد پلاسٹک کین، پٹرول کی پیمائش کے لیے استعمال ہونے والے چار جستی پیمانے اور ایک عدد کیف برآمد کر لیا۔ برآمد شدہ سامان کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ شہری علاقوں میں غیر قانونی اور خطرناک کاروبار کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔