راولپنڈی: گوجرخان میں ضعیف بیوہ سے بالیاں اور نقدی چھیننے والا ملزم پولیس مقابلے کے بعد گرفتار

راولپنڈی


22 دسمبر 2025 کو سوشل میڈیا پر ایک افسوسناک خبر وائرل ہوئی جس میں ایک ضعیف العمر بیوہ خاتون نے اپنے ساتھ پیش آنے والی واردات کی روداد بیان کی۔ متاثرہ خاتون کے مطابق وہ مطوعہ کی رہائشی اور بیوہ ہیں۔ مورخہ 22/12/2025 کو ظہر کے وقت وہ اپنے گھر سے رشتہ داروں کے گھر جا رہی تھیں کہ مطوعہ پلی کے قریب ایک نوجوان موٹر سائیکل پر آیا اور خود کو دادی کہہ کر چھوڑنے کی پیشکش کی۔

خاتون کے مطابق تقریباً 20 سے 25 منٹ بعد جب وہ ڈھوک پھلی کے قریب بوہڑ کے پاس پہنچے تو موٹر سائیکل سوار نے انہیں اتار دیا اور یہ کہہ کر باتوں میں الجھائے رکھا کہ موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ خراب ہے۔ اسی دوران نوجوان نے خاتون کے دونوں کانوں سے بالیاں نوچ لیں اور پرس بھی چھین لیا جس میں تقریباً 20 سے 25 ہزار روپے نقد موجود تھے، جس کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔

واقعہ کی درخواست موصول ہوتے ہی ایس ایچ او تھانہ گوجرخان طیب ظہیر بیگ نے فوری طور پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی اور واردات کو ٹریس کرنے کے لیے کارروائی شروع کر دی۔ اسی دوران مخبر نے اطلاع دی کہ ملزم فلاں مقام سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ پولیس نے بروقت ناکہ بندی کی تو ملزم نے پولیس کو دیکھتے ہی اپنے پسٹل سے فائرنگ کر کے جان بچانے کی کوشش کی۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور زخمی حالت میں علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور مکمل شواہد کے ساتھ چالان تیار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضعیف اور بے سہارا شہریوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔