عوامی مینڈیٹ کی نفی سے ملک کو نقصان ہو گا،شاہد خاقان

سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کی نفی سے ملک کا نقصان ہو گا، گالیوں کی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ پشاور پریس کلب میں عوام پاکستان پارٹی کے ممبران کی تقریب سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارا مقصد اقتدار اور کرسی نہیں بلکہ ملک کو فائدہ پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک قانون اور آئین کے راستے سے ترقی کرے گا، نوجوانوں کے مسائل حل نہ کرنے سے سب سے بڑا بوجھ بنے گا۔ سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ نوجوان تعلیم اور کاروبار کے مواقع چاہتے ہیں، تمام اسٹیک ہولڈرزکو تحمل سے وقت گزارنا ہو گا۔

اُن کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں گورنر راج لگانے کی گنجائش ہے جو دیگر صوبوں میں بھی لگ سکتا ہے، عوام کے ڈیٹ کی نفی سے ملک کا نقصان ہو گا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بدنصیبی ہے کہ عوام کی رائے کا احترام نہیں کیا جاتا، آئین میں ترمیم عوام کی رائے سے ہونی چاہیے۔