معروف مصنفہ نورین اسلم کی کتاب ”سیدہ زینبؓ “ کی پُروقار تقریبِ رُونمائی

ممتاز شاعرہ، ادیبہ اور متعدد کتابوں کی مصنفہ نورین اسلم المعروف نورانی باجی کی نئی کتاب “سیدہ زینب بنتِ علیؓ” کی شاندار تقریبِ رونمائی میرج ہال ہٹیاں، اٹک میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں مختلف شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے ادیبوں، صحافیوں، سماجی شخصیات اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار اظہر رشید چغتائی، مولانا عبداللہ آف حمید، سماجی رہنما وحید، عبداللہ شاہ، نوید اعوان، سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راجہ مختار احمد سگھروی، ملک امجد اقبال، ڈاکٹر حسنین شیخ، آنسہ مظہر آنسی، صاحبزادہ پیر عبدالمنان شاذلی، سابق امیدوار قومی اسمبلی نوشہرہ خان پرویز خان المعروف خان بابا اور راجہ کامران تبسم نوری نے کتاب کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔

مقررین نے کہا کہ نورانی باجی کی یہ تصنیف تاریخِ اسلام میں ایک اہم علمی و تحقیقی اضافہ ہے۔ کتاب میں سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی زندگی کے تمام پہلو نہایت تحقیقی انداز میں پیش کیے گئے ہیں، جن میں غیرت، حیا، وقار، صبر، استقامت اور اہلِ بیتؑ کی عظمت نمایاں طور پر جھلکتی ہے۔

اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ یہ کتاب نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے اور محبتِ اہلِ بیتؑ کو دلوں میں مزید مضبوط کرنے کا ذریعہ بنے گی۔

تقریب میں نامور کالم نگار و صحافی اقبال زرقاش، صحافی خالد ملک، میاں ضیاء، فیاض احمد قریشی، اور معروف فوک سنگر حکمت اعوان سمیت کئی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر مصنفہ نورین اسلم المعروف نورانی باجی کو کتاب کی کامیاب اشاعت پر مبارک باد دی گئی، جبکہ شرکاء نے تقریب کے شاندار انتظامات اور کتاب کے تعارف کو بے حد سراہا۔