عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی سستی ناقابل قبول ہے: محسن ایوب خان

ٹیکسلا۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے فنانس اور رکن پنجاب اسمبلی محسن ایوب خان نے پبلک سیکرٹریٹ ٹیکسلا میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں نے بڑی تعداد میں آ کر اپنے مسائل پیش کئے۔ صفائی، ترقیاتی کاموں، سیوریج، پبلک سروسز اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق شکایات کو سنا گیا۔ متعدد مسائل پر موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے۔

کھلی کچہری میں سبطین خان، کوآرڈینیٹر بلدیہ ٹیکسلا بابو وسیم شاہ، حاجی طاہر محمود طاہری، شیخ ساجد محمود، سابق چیئرمین بلدیہ ٹیکسلا شیخ وحیدالدین اور حاجی ناصر سمیت مختلف علاقائی نمائندے شریک تھے۔

میڈیا سے گفتگو میں محسن ایوب خان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل اولین ترجیح ہے۔ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور منتخب نمائندوں کے درمیان براہ راست رابطے کو مضبوط بنانا ہے اور عوامی مسائل کو حل کرنا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے حل میں کسی قسم کی سستی قبول نہیں کی جائے گی عوامی حلقوں نے کھلی کچہری کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور محسن ایوب خان کی اس حوالے سے خصوصی توجہ اور دلچسپی کو سراہا۔

کھلی کچہری کے اختتام پر رکن پنجاب اسمبلی محسن ایوب خان نے کمپیوٹر سنٹر ٹیکسلا کا دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف سیکشنز کا جائزہ لیا اور عملے کو ہدایت کی کہ شہریوں کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔ محسن ایوب خان کا کہنا تھا کہ سرکاری خدمات کی بروقت فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، اس لئے کسی بھی سائل کو غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

بعد ازاں انہوں نے سابق کونسلر حاجی ایوب صراف کے بھائی کے انتقال پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا کی اس موقع پر سبطین خان، طاہر محمود طاہری، ملک ناصر، عرفان اعوان، شوکت چھاچھی رہنما پیپلز پارٹی، میر عاصم، زین العابدین، ماسٹر نبیل، جہانگیر علی، راجہ خلجی اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔