تھانہ لوہی بھیر کی مؤثر کارروائیاں: قلیل مدت میں جرائم میں نمایاں کمی، غیر قانونی مراکز کے خلاف بھرپور آپریشن

اسلام آباد (حماد چوہدری) تھانہ لوہی بھیر پولیس نے انتہائی کم عرصے میں جرائم پر مؤثر کنٹرول حاصل کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے نمایاں اقدامات کیے ہیں۔ پولیس کی جانب سے تیار کی گئی مربوط حکمتِ عملی، سخت گشت اور ٹارگٹڈ کارروائیوں کے باعث مختلف نوعیت کے جرائم میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق، پولیس نے علاقے میں طویل عرصے سے چلنے والے درجنوں غیر قانونی مساج سینٹرز کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں آدھے سے زائد مراکز کو سیل کر دیا گیا۔ ان کارروائیوں پر شہریوں اور سماجی حلقوں کی جانب سے تھانہ لوہی بھیر پولیس کی کارکردگی کو بھرپور سراہا جا رہا ہے۔

اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ کچھ بااثر اور سفید پوش عناصر، جن کے ذاتی کاروبار پولیس کی ان کارروائیوں سے متاثر ہوئے ہیں، مبینہ طور پر پولیس پر دباؤ ڈالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ عناصر کبھی بے بنیاد الزامات لگا کر سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرتے ہیں اور کبھی پرانے راولپنڈی کے کیسز کی ویڈیوز اٹھا کر وائرل کر کے تھانہ لوہی بھیر اور پولیس ٹیم کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، جب بھی پولیس خلوصِ نیت کے ساتھ کوئی کارروائی کرتی ہے، یہی عناصر فوراً پولیس کے کام میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس صورتحال کے باوجود، ایس ایچ او فواد خالد کی سربراہی میں تھانہ لوہی بھیر پولیس اپنے فرائض منصبی پوری ذمہ داری اور عزم کے ساتھ ادا کر رہی ہے اور قانون کی عملداری کو ہر حال میں برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

علاقہ مکینوں نے پولیس کی حالیہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سفید پوش مافیا کی جانب سے پولیس پر دباؤ ڈالنے اور بدنام کرنے کی کوششوں کا سختی سے نوٹس لیا جائے، تاکہ امن و امان کے قیام کے لیے جاری اقدامات بلاتعطل جاری رکھے جا سکیں۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.