اٹک تا ناڑہ سگھری روٹ براستہ کالاچٹا پہاڑ—ہائی ایس اور ویگن ڈرائیوروں کی ہٹ دھرمی عروج پر، موٹر سائیکل سوار حادثات کا شکار—عوام کا انتظامیہ سے فوری ایکشن کا مطالبہ

اٹک سے ناڑہ سگھری براستہ کالاچٹا پہاڑ چلنے والے روٹ پر پبلک ٹرانسپورٹ کی من مانیوں نے شہریوں کی مشکلات میں خطرناک اضافہ کر دیا ہے۔ اس راستے پر ہائی ایس اور ویگن ڈرائیوروں نے ایک نئے طرز کی “بدمعاشی” شروع کر رکھی ہے، جس نے موٹر سائیکل سواروں کو شدید خطرات میں دھکیل دیا ہے۔

اٹک – ناڑہ سگھری روٹ براستہ کالا چٹا پہاڑ

چونکہ اس روٹ پر پبلک ٹرانسپورٹ ہر وقت دستیاب نہیں ہوتی، اس لیے زیادہ تر مقامی لوگ موٹر سائیکلوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ مگر مسافروں کی کمی کے باعث متعدد ڈرائیور موٹر سائیکل سواروں کو جان بوجھ کر گاڑی سے “ہٹ” کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں کئی حادثات رپورٹ ہو چکے ہیں۔ موٹر سائیکلوں کا شدید نقصان اور سواروں کے زخمی ہونے کے واقعات بھی سامنے آ چکے ہیں۔ یہ اب اس لئے کیا جاتا ہے تاکہ لوگ ڈر کر پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔

عینی شاہدین کے مطابق ڈرائیور پہاڑی موڑوں، تنگ ڈھلوانوں اور آبادی والے حصوں میں گاڑیوں کو اس قدر قریب لے آتے ہیں کہ معمولی سی غلطی بھی کسی خوفناک سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔ کالاچٹا پہاڑ کے خطرناک گھاٹیوں پر یہ حرکتیں مزید جان لیوا ثابت ہوتی ہیں۔

عوامی و سماجی حلقوں نے اس صورتِ حال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور خصوصاً ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ڈرائیوروں کی اس غفلت اور ہٹ دھرمی پر قابو نہ پایا گیا تو براستہ کالاچٹا پہاڑ یہ اہم روٹ کسی بڑے حادثے کا مرکز بن سکتا ہے۔

عوام نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ سخت کارروائی کی جائے، نگرانی بڑھائی جائے اور ٹرانسپورٹ کو منظم کر کے لوگوں کو محفوظ سفری ماحول فراہم کیا جائے۔