کلرسیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں قومی ایم آر مہم کا دوسرا دن، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا فیلڈ کا دورہ۔ملک بھر میں جاری قومی ایم آر (Measles-Rubella) ویکسی نیشن مہم کے دوسرے روز تحصیل کلر سیداں میں مانیٹرنگ کا عمل تیز ہو گیا۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کلر سیداں ڈاکٹر فرحت ابراہیم نے یونین کونسل چوآء خالصہ کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے
مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر فرحت ابراہیم نے محلہ اکبری اور ڈھوک ہیراں میں تعینات ٹیموں سے ملاقات کی اور ان کے کام کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مریم نواز ہیلتھ کلینک کا بھی دورہ کیا جہاں ایم آر مہم کی فکسڈ ویکسی نیشن سائٹ پر تعینات تربیت یافتہ عملہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگا رہا تھا۔افسرِ صحت نے فیلڈ میں موجود گھروں کا بذاتِ خود دورہ کر کے والدین سے بچوں کی ویکسینیشن کے حوالے سے معلومات حاصل کیں اور مہم میں عوامی تعاون کو سراہا۔
مانیٹرنگ کے اس دورے میں سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سپروائزر فرزانہ بی بی بھی ان کے ہمراہ تھیں جو یونین کونسل چوآخالصہ میں مہم کی نگرانی پر مامور ہیں۔ڈاکٹر فرحت ابراہیم نے فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ عملہ روزانہ شام چار بجے تک انتہائی محنت اور ذمہ داری سے اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے 6 ماہ سے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو لازمی طور پر اس قومی مہم کے دوران خسرہ اور روبیلا کا حفاظتی ٹیکہ لگوائیں تاکہ علاقے میں خسرہ کی ممکنہ وبا سے بچوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔