پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی بہنوں کے ساتھ اڈیالہ جیل کے باہر بدترین سلوک کا واقعہ سامنے آیا ہے جس کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ سیمابیہ طاہر، جو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں، نے اس واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات اڈیالہ جیل کے باہر خواتین کو ہراساں کیا گیا اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔
سیمابیہ طاہر نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اپنے بھائی سے ملاقات کے لیے جیل آئی تھیں، جہاں ان کے ساتھ نہ صرف نازیبا سلوک کیا گیا بلکہ انہیں بدترین طریقے سے ذہنی و جسمانی اذیت پہنچائی گئی۔ سیمابیہ نے وزیراعلیٰ پنجاب پر بھی سخت تنقید کی، جنہوں نے خود ایک خاتون ہونے کے باوجود خواتین پر تشدد کرانے کی اجازت دی۔
“وزیراعلیٰ پنجاب خود خاتون ہیں، لیکن ان کی حکومت نے خواتین کے ساتھ یہ ناروا سلوک روا رکھا ہے۔ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے,” سیمابیہ طاہر نے کہا۔