کھنہ میں پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلہ: تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، تین فرار—تلاش جاری

اسلام آباد (حماد چوہدری)کھنہ کے علاقے میں ٹرپل ون اسٹاپ کے قریب گرین بیلٹ/جنگل ایریا میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق دو ہنڈا 125 موٹر سائیکلوں پر سوار چھ مسلح سنیچر علاقے میں موجود تھے۔ پولیس پارٹی کے پہنچتے ہی ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں دو اہلکار سیدھی گولیوں کا نشانہ بنے۔ تاہم بروقت حکمتِ عملی، بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹ کے استعمال کے باعث جانی نقصان سے محفوظ رہا گیا۔

پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ملزمان کی اپنی ہی فائرنگ سے تین ڈاکو زخمی ہوگئے جنہیں زخمی حالت میں گرفتار کرکے ان سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ دیگر تین ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے ایک موٹر سائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش اور تعاقب کے لیے پولیس کی مختلف ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔

ایس ایچ او تھانہ کھنہ شاہنواز ڈوگر نے واقعے کے حوالے سے کہا کہ وہ ایک پرعزم اور فعال پولیس ٹیم کے ساتھ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سرگرم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ “علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے لیے کسی قسم کی کوئی گنجائش نہیں۔ فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے اور بہت جلد وہ بھی پولیس کی گرفت میں ہوں گے۔