لوک ورثہ کمپلیکس شکر پڑیاں میں جاری دس روزہ لوک میلہ میں راولپنڈی،اسلام آباد سمیت ملک بھر سے ہزاروں شہر یوں کی آمد۔

اسلام آباد(اویس الحق سے) لوک ورثہ کمپلیکس شکر پڑیاں میں جاری دس روزہ لوک میلہ میں راولپنڈی،اسلام آباد سمیت ملک بھر سے ہزاروں شہریوں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری ہے،اس سال بھی میلے میں پاکستان کے چاروں صوبوں پنجاب،سندھ،بلوچستان، خیبر پختونخوا سمیت وطن عزیز کی جنت نظیر وادی گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لوگوں کی جانب سے بھی سٹالز لگائے گئے ہیں جو انتہائی خوبصورت دیکھائی دیتے ہیں۔

میلے میں ملک بھر سے تقریباً پانچ سو سے زائد ہنرمند، موسیقار ،اداکار اور کاروباری افراد سمیت ملک بھر سے ناموں آرٹسٹس ایک ساتھ شریک ہیں۔

گزشتہ رات لوک ورثہ نے تقریب کے حوالے سے ایک خصوصی شام منعقد کی جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے مشہور لوک فنکاروں اور موسیقاروں نے اپنے اپنے علاقی ثقافتی پروگرامز پیش کیے۔

لوک میلے میں دیسی کھانوں کے سٹالز پر جڑواں شہروں کے مکین امڈ آئے جبکہ پنجاب کی چاٹی کی لسی اور مکھن والا ساگ بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔

ایسے میں بلوچستان کے پویلین میں بلوچی سجی کا اپنا مزہ رہا جس کو لوگوں نے بے حد پسند کیا۔

خیبر پختونخوا پویلین میں پشاوری چپل کباب ،روایتی چارسدہ موٹا چاول، بیف پلاؤ اور بار بی کیو سمیت نمکن گوشت کے سٹالز پر رش دیکھا گیا،جہاں لوگ اپنے من پسند کھانوں سے لطف اندوز ہوتے دیکھائی دیئے ۔

اب اگر وطن عزیز کے مشہور سیاحتی مقام جہاں ہر سال لاکھوں کی تعداد میں سیاح جنت نظیر وادی کا روخ کرتے ہیں گلگت بلتستان کی تو وہاں لوک ورثہ میں سب سے زیادہ جوش و خروش گلگت بلتستان کے سٹالز پر نظر آیا جہاں گلگت بلتستان کے لوگ آنے والی عوام کو زبردست انداز میں خوش آمدید کہتے رہے اور اپنے علاقے کی ثقافت کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالتے رہے۔

اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے وہاں سے قدرتی جڑی بوٹیاں اور غذر کی مشہور سوغات کلاو کی زیادہ سے زیادہ خریداری کی۔

مشہور ڈس مومو،گندم سے تیار کئے جانے والا سوپ “بھلے”،روائتی پیزا چھپ شورو جو نا صرف چکن اور بیف بلکہ ”یاک” کے گوشت سے تیار کیا گیا تھا لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا اور ہر طرف لوگ طرح طرح کے کھانے انجوائے کرتے دیکھا دیئے۔

کشمیر جنت نظیر کے سٹالز پر مشہور پشمینہ شال کی خریداری پر خواتین نے بہت دلچسپی لی اور قریباً ہر آنے والے نے کشمیری کپڑے اور شالز کی خریداری کی ایسے میں اگر وہاں کے کھانوں کی بات کی جائے تو کشمیری پنک ٹی اور کلچہ انتہائی پسند کیا گیا جس کو کھانے کے لئے عوام کو ایک طویل انتظار کرنا پڑا۔عوام کی ایک بڑی تعداد نے کشمیری ثقافت پر خصوصی دلچسپی طاہر کی۔

آج 14 نومبر بروز جمعہ پاکستان کے انتہائی اہمیت کے حامل صوبہ سندھ کی ثقافت کا دن منایا جا رہا ہے جہاں ملک کے مشہور سندھی گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے اور سندھ کے ہر علاقے کی ثقافت کو بہترین انداز میں عوام کے سامنے لایا جائیگا۔

15 نومبر بروز ہفتہ خیبر پختونخوا کا دن منایا جائیگا جبکہ گرینڈ کلوزنگ سرمنی 16 نومبر بروز اتوار منعقد ہوگی جس میں عوام کی ہزاروں کی تعداد ملک بھر سے شرکت کرینگے۔