کلر سیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) دھان گلی آزاد کشمیر روڈ پر سر صوبہ شاہ کے علاقے میں بھکاریوں کی آڑ میں سرگرم ایک نوسرباز گروہ بے نقاب ہو گیا۔ مذکورہ گروہ میں دو خواتین اور چند بچے شامل ہیں جو سڑک پر گزرنے والی گاڑیوں کو روک کر خیرات مانگنے کے بہانے ڈرائیوروں کے قریب آتے اور چالاکی سے انہیں رقم سے محروم کر دیتے تھے۔
مقامی ذرائع کے مطابق اس گروہ نے یونین کونسل منیاندہ کے ایک سادہ لوح شخص کو نشانہ بنایا۔ متاثرہ شہری نے بتایا کہ گروہ کے افراد نے اس کی گاڑی روک کر رقم طلب کی، پھر خواتین نے کچھ الفاظ پڑھنے کا ڈرامہ کرتے ہوئے اس پر مبینہ طور پر بے اثری یا غفلت طاری کر دی، جس کے بعد وہ خود ہی اپنے پاس موجود ایک لاکھ روپے ان کے حوالے کر بیٹھا۔ بعد ازاں ہوش آنے پر اسے علم ہوا کہ وہ رقم سے محروم ہو چکا ہے۔
راہ گیروں اور مقامی افراد کو شک گزرنے پر انہوں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے نوسرباز گروہ کو پکڑ کر پنجاب ہائی وے پٹرولنگ چیک پوسٹ شاہ خاکی کے اہلکاروں کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے حراست میں لے کر تفتیش شروع کی اور ملزمان کے قبضہ سے رقم بھی برآمد کر لی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گروہ دھان گلی روڈ پر مختلف مقامات پر گاڑیوں کو روک کر بھیک کے بہانے ڈرائیوروں کی توجہ ہٹانے کے بعد نہایت مہارت سے رقم چرانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھا۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے گروہ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں تک رسائی کے لئے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔