کلرسیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) محکمہ مال کے عملے کی من مانیوں اور رشوت ستانی کے خلاف بار ایسوسی ایشن کلر سیداں کی ہڑتال۔گزشتہ روز محکمہ مال کے عملے کی من مانیوں، بدانتظامی اور غیر ذمہ دارانہ رویے کے خلاف بار ایسوسی ایشن کلر سیداں نے مکمل ہڑتال کی۔ وکلا نے عدالتوں میں پیش نہ ہو کر محکمہ مال کے رویے کے خلاف سخت احتجاج ریکارڈ کرایا۔تفصیلات کے مطابق، محکمہ مال کے دفاتر میں بدانتظامی، تاخیر اور عوامی شکایات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عملہ اکثر مقررہ اوقات کار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صبح دس بجے کے بعد دفتر پہنچتا ہے، جب کہ کام کے دوران بھی ان کا رویہ غیر ذمہ دارانہ اور غیر پیشہ ورانہ ہوتا ہے۔ عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا کہ خاص طور پر تحصیلدار کے عملے کے بعض ارکان سرعام رشوت لے کر فائلوں پر کارروائی کرتے ہیں، جس سے عام شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔بار ایسوسی ایشن کلر سیداں کے نمائندگان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ مال کے دفاتر میں ہونے والی یہ بدعنوانیاں اور عوامی استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ عوام کو زمینوں کی تقسیم، انتقالات اور دیگر معاملات میں سالہا سال خوار کیا جاتا ہے، لیکن ان شکایات پر کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔وکلا نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ حکام فوری نوٹس لے کر بدعنوان اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کریں، تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور محکمہ مال کا نظام شفاف بنایا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر فوری اصلاحی اقدامات نہ کیے گئے تو بار ایسوسی ایشن اپنا احتجاج مزید وسعت دے گی اور آئندہ لائحہ عمل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔