کلر سیداں (نمائندہ پنڈی) کلرسیداں آر ڈبلیو ایم سی کی جانب سے بلوں کی غلط ترسیل پر شہریوں میں تشویش۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) کی جانب سے رواں ماہ جاری کیے گئے صفائی کے بلوں میں بے ضابطگیوں کے باعث شہریوں میں سخت تشویش پائی جا رہی ہے۔ مختلف علاقوں میں بل غلط پتوں پر موصول ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق غوثیہ محلہ کے رہائشیوں کو قاسم مارکیٹ کے نام سے بل موصول ہوئے ہیں، جبکہ مکی محلہ کے شہریوں کو گوجرخان روڈ کے پتے والے بل ارسال کیے گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب بلوں میں اس قدر بڑی غلطیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔مقامی آبادی کے مطابق آر ڈبلیو ایم سی کے اہلکاروں کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، مگر تاحال کسی قسم کی تصحیح یا وضاحت سامنے نہیں آئی۔
شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بلوں کی درستی فوری طور پر نہ کی گئی تو درست ادائیگی اور ریکارڈ میں مزید مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔اہلِ علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بلنگ سسٹم میں غلطیوں کی تحقیقات کر کے ذمہ دار عملے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور مستقبل میں اس نوعیت کی کوتاہیوں سے بچنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔