کلر سیداں مچھروں کی یلغار پر انتظامیہ خاموش، شہری سراپا احتجاج

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) مچھروں کی یلغار پر انتظامیہ خاموش، شہری سراپا احتجاج ، اسپرے مہم شروع نہ ہونے سے ڈینگی کا خطرہ بڑھ گیا۔تفصیلات کے مطابق کلر سیداں اور گردونواح کے علاقوں میں مچھروں کی یلغار نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے جبکہ متعدد بار شکایات اور اخباری خبروں کے باوجود محکمہ صحت اور متعلقہ ادارے تاحال کسی عملی اقدام سے گریزاں ہیں۔

عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر کب انتظامیہ جاگے گی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ صفائی ستھرائی کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے اور گندگی کے ڈھیر نظر نہیں آتے، لیکن اسپرے مہم نہ ہونے کے باعث شام کے وقت گلی محلوں، تعلیمی اداروں اور مساجد میں مچھروں کے جھنڈ حملہ آور ہو جاتے ہیں۔ بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کی نیند اور صحت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔اہل علاقہ نے بتایا کہ پچھلے کئی ہفتوں سے متعدد بار انتظامیہ اور محکمہ صحت کو آگاہ کیا جا چکا ہے، حتیٰ کہ اخبارات میں بھی بارہا خبریں شائع ہوئیں، مگر کسی افسر نے نوٹس لینا گوارا نہیں کیا۔

اس صورتحال میں ڈینگی، ملیریا اور دیگر وبائی امراض کے پھیلنے کا خدشہ سنگین ہوتا جا رہا ہے۔سماجی و عوامی نمائندوں نے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور ڈی ایچ او راولپنڈی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آئندہ چند دنوں میں انسدادی اسپرے مہم شروع نہ کی گئی تو عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے۔شہریوں نے کہا کہ انتظامیہ کے لیے یہ آخری وارننگ ہے ، اب مزید تاخیر نہ کی جائے، ورنہ کسی ممکنہ وبا کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔