کلر سیداں پولیس کی بروقت کارروائی، شراب برآمد

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں پولیس کی بروقت کارروائی، شراب برآمد ۔ جھگڑے میں زخمی شخص کے بیانات پر الگ تفتیش شروع۔تھانہ کلر سیداں پولیس نے اطلاع ملنے پر ممیال کی ڈھوک پروٹیاں میں کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کے قبضے سے شراب کی بوتل برآمد کر لی، جبکہ اسی شخص کے تشدد اور زخمی ہونے کے واقعے پر بھی علیحدہ تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، پولیس کو رات تقریباً نو بجے اطلاع ملی کہ ڈھوک پروٹیاں میں ایک شخص شراب کے نشے میں دھت ہو کر اہلِ علاقہ سے جھگڑا کر رہا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور وہاں موجود شخص کو قابو کر لیا۔پولیس کے مطابق، گرفتار شخص نے اپنا نام غلام عباس ولد محمد حسین بتایا۔ موقع پر لی گئی جامع تلاشی کے دوران اس کی نکر سے شراب کی ایک بوتل برآمد ہوئی۔

غلام عباس نے بیان دیا کہ اسے صغیر احمد اور دیگر افراد نے مارپیٹ کر کے زخمی کر دیا ہے، جس سے اس کے جسم پر نمایاں چوٹوں کے نشانات پائے گئے۔پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ غلام عباس کے خلاف شراب برآمدگی پر الگ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ تشدد کے واقعے سے متعلق بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ واقعے کی اصل وجوہات اور ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔