کلرسیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) طالب علم تشدد کیس میں پیش رفت ، فریقین میں صلح کے بعد دارِ ارقم سکول کے معلم مفتی آکاش کو عدالت سے ضمانت پر رہائی۔کلر سیداں میں گزشتہ روز نجی تعلیمی ادارے دارِ ارقم سکول میں پیش آنے والے طالب علم پر تشدد کے واقعہ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
شعبہ حفظ کے معلم مفتی آکاش کو عدالت نے فریقین کے مابین راضی نامہ ہونے کے بعد ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دارِ ارقم سکول کے معلم مفتی آکاش نے مبینہ طور پر 10 سالہ طالب علم محمد ارمان آصف کو سبق یاد نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں معصوم بچے کی حالت غیر ہو گئی۔
واقعہ کے بعد والدین کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ کلر سیداں منتقل کر دیا تھا۔تشدد کے واقعہ پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے ٹیچر کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور تیز رفتار کارروائی کی ہدایت کی تھی۔
بعد ازاں جمعہ کے روز پولیس نے گرفتار معلم مفتی آکاش کو عدالت میں پیش کیا جہاں متاثرہ بچے کے والدین نے عدالت کے روبرو راضی نامہ پیش کر دیا۔ عدالت نے فریقین کے درمیان صلح کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزم کی ضمانت منظور کر لی اور فوری طور پر رہائی کے احکامات جاری کر دیے۔