کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلرسیداں ڈیزل سڑک پر گرنے سے دو الگ حادثات، متعدد افراد زخمی۔انتظامیہ،پنجاب ہائی وے پٹرولنگ اور ٹریفک پولیس کی غفلت سے انسانی جانیں خطرے میں، شہریوں کا سخت احتجاج۔ مہرہ سنگال روڈ پر ڈیزل سڑک پر گرنے کے باعث پیش آنے والے دو الگ الگ حادثات میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
حادثات میں ایک کار، ایک کیری ڈبہ اور ایک موٹرسائیکل شامل ہیں جو پھسل کر الٹ گئے۔عینی شاہدین کے مطابق واقعہ صبح تقریباً 9 بجے اس وقت پیش آیا جب ایک ٹریکٹر پر لدی ہوئی ڈیزل کی کینوں سے تیل سڑک پر بہہ گیا۔ پھسلن کے باعث پہلے ایک ہنڈا کار اور کچھ دیر بعد ایک کیری ڈبہ اور موٹرسائیکل حادثے کا شکار ہوگئے۔
تمام زخمیوں کو مقامی افراد نے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔مقامی شہریوں نے واقعے کی ذمہ داری ان عناصر پر عائد کی ہے جو غیر قانونی طور پر ڈیزل کی خرید و فروخت میں ملوث ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض پٹرول پمپ مالکان اور ٹریکٹر مالکان کھلے عام کینوں اور بوتلوں میں ڈیزل فروخت کر رہے ہیں، جس سے سڑکوں پر پھسلن اور حادثات معمول بن چکے ہیں۔علاقہ مکینوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کلرسیداں، پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس چوکپنڈوڑی اور متعلقہ انتظامیہ کی غفلت بھی اس واقعے کی بڑی وجہ ہے۔ شہریوں کے مطابق اگر یہ ادارے سڑکوں پر غیر قانونی تیل کی نقل و حمل روکنے میں مؤثر اقدامات کرتے تو آج یہ حادثات نہ ہوتے۔
شہریوں نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیر قانونی پٹرول اور ڈیزل فروخت کے کاروبار میں ملوث افراد اور ذمہ دار اداروں کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ مستقبل میں قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان سے بچا جا سکے۔