اٹک کے نامور شاعر، ’’بابائے اٹک‘‘ اور گولڈ میڈلسٹ قادرالکلام سعادت حسن آس کا نیا شعری مجموعہ ’’آخر شب کی مناجات‘‘ اشاعت کے آخری مراحل میں ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعادت حسن آس ضلع اٹک کے وہ واحد شاعر ہیں جن کے سب سے زیادہ شعری مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ ان کا پندرہواں مجموعہ کلام ہے جسے راولپنڈی کے ایک پبلشرز شائع کر رہے ہیں اور جلد ہی قارئین کے سامنے آ جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کے مزید دو پنجابی اور تین اردو مجموعے بھی تیاری کے مراحل میں ہیں، یوں مجموعی طور پر ان کے بیس کے قریب شعری مجموعے منظر عام پر آ جائیں گے، جو ضلع اٹک میں ایک منفرد اعزاز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دو یونیورسٹیوں نے ان کی شاعری پر تحقیقی کام کرنے والے طلبہ کو ایم فل کی ڈگریاں دی ہیں جبکہ پی ایچ ڈی سطح پر بھی ایک جامعہ میں ان کی شاعری پر تحقیق جاری ہے۔
سعادت حسن آس نے کہا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے ان کے آنے والے کئی مجموعے تاخیر کا شکار ہیں۔ ان کے سب سے زیادہ شعری مجموعے نعتیہ شاعری پر مشتمل ہیں، جو ان کے فن کی ایک نمایاں پہچان ہے۔