کلر سیداں پولیس کی بروقت کارروائی دو افراد گرفتار  22 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی بازیاب

کلر سیداں (یاسر ملک) کلر سیداں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر کے 22 لاکھ روپے مالیت کی کار بازیاب کر لی، جو کہ امانت میں خیانت کے ذریعے ہتھیائی گئی تھی۔ گرفتار ملزمان نے مقامی شہری سے رینٹ پر گاڑی حاصل کی تھی اور بعد ازاں واپس کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ درج مقدمہ کے مطابق دوبیرن کلاں کے رہائشی وقار احمد، جو پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور ہیں اور چنگن کاروان گاڑی کے مالک ہیں، نے بیان دیا تھا کہ مورخہ 21 جولائی کو نئی آبادی ڈھوک بھٹیاں کے رہائشی زوہیب حسن اور اس کا ساتھی ملک ندیم اختر، اعوان موٹرز کے دفتر میں ان سے ملے اور گاڑی کرایے پر لینے کی درخواست کی۔ گواہ محمد قاصب علی کی موجودگی میں یہ طے پایا کہ گاڑی روزانہ 3 ہزار روپے کرایہ پر آٹھ دن کے لیے ان کے حوالے کی جائے گی اور یہ گاڑی بطور امانت ان کے پاس رہے گی۔

وقار احمد کے مطابق، اسی رات زوہیب حسن نے گاڑی اپنے قبضے میں لے لی، تاہم جب طے شدہ مدت گزرنے کے بعد گاڑی واپس مانگی گئی تو ملزمان نے لیت و لعل سے کام لیتے ہوئے رقم اور گاڑی دینے سے صاف انکار کر دیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔پولیس نے متاثرہ شہری کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا اور گاڑی برآمد کر کے اصل مالک کے حوالے کر دی۔