سابق ایگزیکٹو ایجوکیشن آفیسر راجہ مختار احمد سگھروی کاروانِ قلم ضلع اٹک کے نائب صدر منتخب

علمی و ادبی تنظیم کاروانِ قلم ضلع اٹک کے چیرمین نزاکت علی نازک نے معروف ماہر تعلیم، نامور شاعر و ادیب اور سابق ایگزیکٹو ایجوکیشن آفیسر ضلع اٹک راجہ مختار احمد سگھروی کو تنظیم کا مرکزی نائب صدر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کی شاندار تعلیمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں یہ فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا۔

کاروانِ قلم کے عہدیداران اور اراکین نے اس موقع پر راجہ مختار احمد سگھروی کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت تنظیم کی ادبی و علمی سرگرمیوں میں نئی روح پھونکے گی۔ چیرمین نزاکت علی نازک نے کہا کہ راجہ مختار احمد سگھروی نے تدریس کے ساتھ ساتھ شاعری اور ادب کے ذریعے بھی نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی تربیت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

نائب صدر منتخب ہونے پر راجہ مختار احمد سگھروی نے کہا کہ وہ کاروانِ قلم کے پلیٹ فارم کو فروغِ ادب اور علمی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں گے اور تنظیم کے مقاصد کی تکمیل کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں وقف کریں گے۔

ادھر پنجابی زبان، ادب و ثقافت کے فروغ کے لیے سرگرم تنظیم دل دریا پاکستان (رجسٹرڈ) کے بانی و صدر معروف شاعر علی احمد گجراتی، تنظیم کے سینئر نائب صدر پنجاب اور سینئر صحافی و کالم نگار شہزاد حسین بھٹی، پاکستان فیڈریشن آف کالمسٹ کے مرکزی صدر ملک محمد سلیمان، نائب صدر عقیل احمد ترین، صدر ضلع اٹک ملک محمد ممریز، جنرل سیکرٹری شاعر، ادیب و کالم نگار اقبال زرقاش اور سینئر صحافی فیاض احمد قریشی نے بھی راجہ مختار احمد سگھروی کو اس اعزاز پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔