کلر سیداں (یاسر ملک) انجمن تاجران چوک پنڈوڑی کے صدر چوہدری محمد عباس نے اعلان کیا ہے کہ تاجروں پر عائد کیے گئے ستھرا پنجاب پروگرام کے بلوں کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ کیپیٹل و میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر اداروں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ٹیکس وصول کرنا تاجر برادری کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری عباس نے بتایا کہ پروگرام کے تحت دکانداروں کو 330 روپے اور 2200 روپے کے بل جاری کیے گئے ہیں، جن پر قانونی ماہرین سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوک پنڈوڑی بازار کے تاجروں کی رائے بھی حاصل کر لی گئی ہے اور متفقہ فیصلے کے بعد عدالت میں رٹ پٹیشن دائر کی جائے گی۔چوہدری عباس نے واضح کیا کہ تاجر برادری کے حقوق کا تحفظ ان کی اولین ذمہ داری ہے اور کسی بھی قسم کے غیر منصفانہ اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے کہ تمام تاجر ایک پیج پر متحد ہو کر اس زیادتی کے خلاف آواز بلند کریں تاکہ اپنے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
