مری(اویس الحق سے)مری سے ملحقہ کے پی کے علاقے گلیات میں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) نے اپنی حدود میں قواعد و ضوابط کی پاسداری یقینی بنانے کے لیے ایک بھرپور اور جامع آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔اس آپریشن کا مقصد منظور شدہ بلڈنگ پلان کی خلاف ورزی کرنے والوں اور جی ڈی اے کی اراضی پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہے۔
کارروائی کے دوران اے اے سی-III شمیم اللہ، ڈائریکٹر بی سی اے جی ڈی اے، انفورسمنٹ آفیسر جی ڈی اے، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بی سی اے اور فیلڈ سٹاف موقع پر موجود تھے تاکہ کسی بھی قسم کی نرمی یا رعایت نہ دی جا سکے۔
آپریشن کے دوران متعدد خلاف ورزیوں کو سیل کیا گیا اور ناجائز تجاوزات ہٹائی گئیں۔ ساتھ ہی،ان افراد کے شناختی کارڈز بھی ضبط کر لیے گئے تاکہ آئندہ کے لیے ریکارڈ محفوظ رکھا جا سکے اور دوبارہ خلاف ورزی کرنے کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
جی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور کسی بھی اثر و رسوخ یا دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔
اس آپریشن کا مقصد نہ صرف گلیات کے قدرتی حسن اور سرکاری زمینوں کو محفوظ بنانا ہے بلکہ شہریوں کو یہ پیغام دینا بھی ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور عوامی مفاد میں قواعد کی پاسداری ضروری ہے.