کلر سیداں تیز رفتار مزدا ڈرائیور پولیس اشارہ نظر انداز کرنے کے بعد حادثے کا شکار

کلرسیداں (یاسر ملک) کلر سیداں تیز رفتار مزدا ڈرائیور پولیس اشارہ نظر انداز کرنے کے بعد حادثے کا شکار، مقدمہ درج۔ کلر سیداں کے علاقے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور لاپرواہی کے نتیجے میں بڑا حادثہ رونما ہوا۔ پولیس کے مطابق مزدا ڈرائیور نے ٹریفک وارڈن کے اشارے پر رکنے کے بجائے رفتار مزید بڑھا دی جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر بیریئر سے ٹکرا گئی اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق ٹریفک وارڈن سہیل قمر چوک پنڈوری کے قریب اپنی ڈیوٹی پر موجود تھے کہ اچانک ایک مزدا کہوٹہ موڑ کی سمت سے تیز رفتاری کے ساتھ آتا دکھائی دیا۔ وارڈن نے ڈرائیور کو رکنے کا اشارہ دیا لیکن ڈرائیور نے حکم نظر انداز کر کے گاڑی کو اور بھی تیز کر دیا اور شاہ باغ کی طرف فرار ہونے لگا۔چند منٹ بعد جب مزدا چھپر اسٹاپ کے قریب پہنچا تو ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور وہ زور دار آواز کے ساتھ سڑک کے بیریئر سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ گاڑی کی باڈی الگ ہو کر سڑک کے بیچوں بیچ جا گری، جس سے ٹریفک کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ شہریوں کو گھنٹوں تک مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کارروائی کرتے ہوئے مزدا کو قبضے میں لے لیا۔ تفتیش کے دوران ڈرائیور کی شناخت محمد سلیم ولد غلام رسول سکنہ شکر گڑھ کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔