کلرسیداں (یاسر ملک) کلر سیداں ڈینٹل سرجن کو ٹیلی فون پر دھمکیاں، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں میں تعینات ڈینٹل سرجن ڈاکٹر توقیر مقصود کو ٹیلی فون پر نامعلوم شخص کی جانب سے سنگین دھمکیاں ملنے پر تھانہ کلر سیداں پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس کو درج کرائی گئی درخواست میں ڈاکٹر توقیر مقصود نے بتایا کہ وہ ہسپتال میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے کہ ایک یوفون نمبر سے کال موصول ہوئی۔ نامعلوم کالر نے کسی احتشام نامی مضروب شخص کی ایم ایل سی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے اسے جواب دیا کہ اس معاملے میں متعلقہ پولیس کانسٹیبل سے رجوع کیا جائے۔ اس پر کالر طیش میں آ گیا اور انہیں دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ڈاکٹر توقیر کے مطابق انہوں نے کال بند کر دی تو ملزم نے دوسرے نمبر سے رابطے کی کوشش کی تاہم انہوں نے جواب نہیں دیا۔ بعد ازاں واقعہ سے متعلق پولیس کو آگاہ کیا گیا۔ تھانہ کلر سیداں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامعلوم شخص کے خلاف دفعات 25-ڈی ٹیلی گراف ایکٹ 1985 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش جاری ہے اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اس کی شناخت جلد کر لی جائے گی۔