کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلرسیداں میں ٹی ایم اے اہلکاروں کی جانبداری ، بااثر دوکاندار محفوظ ، عام کاروباری طبقہ نشانے پر۔تفصیلات کے مطابق کلرسیداں میں ٹی ایم اے اہلکاروں کے مبینہ جانبدارانہ رویے نے شہریوں اور کاروباری طبقے کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ مقامی دوکانداروں اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی صرف اُن دوکانداروں کے خلاف کی جاتی ہے جو سفارش یا تعلقات سے محروم ہیں، جبکہ بااثر افراد یا اہلکاروں کے ذاتی تعلق دار دوکاندار بدستور تجاوزات قائم رکھے ہوئے ہیں۔شہریوں کے مطابق کلرسیداں چوآ روڈ اور پنڈی روڈ پر تجاوزات نے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر کر رکھی ہے، پیدل چلنے والے بھی مشکلات کا شکار ہیں، مگر ان بڑے اور بااثر دوکانداروں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ اس کے برعکس، عام دوکانداروں کی معمولی تجاوزات کو نشانہ بنایا جاتا ہے، جس سے اہلکاروں کی ملی بھگت اور جانبداری کا تاثر مزید گہرا ہو رہا ہے۔متاثرہ دوکانداروں نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں کے جن دوکانداروں سے ذاتی تعلقات ہیں، ان کی تجاوزات کو نظرانداز کر دیا جاتا ہے، جبکہ عام کاروباری حضرات کو نشانہ بنا کر ان کے معاشی نقصان کا باعث بنا جاتا ہے۔ یہ رویہ ناانصافی کے ساتھ ساتھ امتیازی سلوک کی واضح مثال ہے۔عوامی اور سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاامتیاز اور شفاف ہونا چاہیے۔ شہریوں کا مؤقف ہے کہ اگر اس جانبداری اور ملی بھگت کا سلسلہ بند نہ ہوا تو نہ صرف کاروباری طبقہ مزید مشکلات کا شکار ہوگا بلکہ شہریوں کے مسائل میں بھی اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔
