روات اسلام آباد میں واقع پوسٹ آفس عوامی شکایات کا گڑھ بن چکا ہے، جہاں عملے کی غفلت اور ناقص کارکردگی شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق پوسٹ آفس کا ٹیلیفون نمبر اکثر خراب رہتا ہے، جس کے باعث شہریوں کو کسی بھی نوعیت کی معلومات یا شکایات درج کروانے میں دشواری کا سامنا رہتا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو فوری طور پر ڈاک کے بارے میں استفسار کرنا ہو یا دیگر اہم معلومات درکار ہوں، تو فون کے ذریعے رابطہ ممکن نہیں ہوتا۔
شہریوں کی جانب سے یہ بھی شکایات سامنے آئی ہیں کہ پوسٹ آفس کا عملہ وقت سے پہلے چھٹی کر جاتا ہے، جس کے باعث دفتری اوقات میں آنے والے شہری مایوس ہو کر واپس لوٹ جاتے ہیں۔ اس رویے سے عوام کو نہ صرف وقت کا ضیاع ہوتا ہے بلکہ اہم ڈاک اور دیگر ضروری خدمات بھی متاثر ہوتی ہیں۔
سب سے سنگین مسئلہ یہ ہے کہ عوام کی آنے والی ڈاک اکثر کئی کئی دن تک پوسٹ آفس میں پڑی رہتی ہے۔ بعض اوقات یہ ڈاک نہ تو متعلقہ افراد تک پہنچائی جاتی ہے اور نہ ہی اس کا کوئی ریکارڈ ملتا ہے، جس سے شبہ ہوتا ہے کہ کچھ ڈاک غائب کر دی جاتی ہے یا غیر ذمہ دارانہ رویے کے باعث ضائع ہو جاتی ہے۔
شہریوں نے متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ روات پوسٹ آفس کے عملے کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے اور یہاں ایسے دیانت دار، فرض شناس اور مستعد ملازمین تعینات کیے جائیں جو عوام کو بروقت ڈاک کی سہولیات فراہم کر سکیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ ڈاک خانہ ایک اہم قومی ادارہ ہے، اور اس کی ساکھ اور خدمات پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
