راجہ صغیر احمد کی گرانٹ سے تعمیر ہونے والی چوآ خالصہ تا دوبیر ن اڑھائی کلومیٹر لنک روڈ پر جنوبی کھنادہ کے قریب ایک اہم حصہ تعمیر سے محروم

کلر سیداں (یاسر ملک)
جنوبی کھنادہ لنک روڈ کے اہم حصے کو چھوڑنے پر عوام کا شدید احتجاج۔تفصیلات کے مطابق ایم پی اے راجہ صغیر احمد کی گرانٹ سے تعمیر ہونے والی چوآ خالصہ تا دوبیر ن اڑھائی کلومیٹر لنک روڈ پر جنوبی کھنادہ کے قریب ایک اہم حصہ تعمیر سے محروم رہ گیا، جس پر مقامی آبادی نے شدید احتجاج کیا ہے۔

عوامی نمائندوں اور علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ لنک روڈ کے دوران تقریباً دو گز کے اہم حصے کو دانستہ طور پر چھوڑ دیا گیا جس سے بارش کے بعد اس مقام کی حالت مزید ابتر ہو چکی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق سڑک کا یہ حصہ آمد و رفت کے لحاظ سے نہایت اہم ہے، مگر محکمہ ہائی وے نے اسے “فیئر پیس” قرار دے کر منصوبے سے نکال دیا۔

اس سے قبل میلاد چوک سے صوفی شکیل کے گھر تک تقریباً 300 گز کا حصہ بھی تعمیر سے رہ گیا تھا، جس پر مقامی افراد کے شدید احتجاج پر ایم پی اے راجہ صغیر احمد خود موقع پر پہنچے۔ ایم پی اے کی موجودگی اور عوامی دباؤ کے باعث اس حصہ کو فوری طور پر شامل کر کے تعمیر کیا گیا، تاہم سروے میں شامل کیے گئے اصل حصے کو تاحال نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

ہائی وے کے فوکل پرسن چوہدری وقار گجر کے مطابق انہوں نے اس معاملے سے نیسپاک کے سب انجینیئر کو بروقت آگاہ کیا تھا، تاہم ان کے بقول محکمہ ہائی وے نے یہ حصہ تکنیکی بنیادوں پر “فیئر پیس” قرار دے کر چھوڑ دیا۔ دوسری جانب نیسپاک کے سائیڈ انجینئر عمران خان نے بتایا کہ لنک روڈ کی تعمیر سی اینڈ ڈبلیو (C&W) کی منظور شدہ ڈرائنگ کے مطابق کی گئی ہے۔علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی کھنادہ کے اس اہم حصے کو فوری طور پر دوبارہ سروے کر کے تعمیراتی کام مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو سہولت میسر آ سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں