ماہ مبارک ربیع الاول کی آمد کے ساتھ ہی ہرطرف خوشی کا سماں ہوتا ہے ہر ایک کلمہ گو سمیت‘چرند پرند دوجہانوں میں موجود ذرہ ذرہ‘موجوں میں بہتا پانی بھی ثنائے مصطفیﷺ کرنے لگ جاتا ہے ربیع الاول کا مہینہ یوں تو دنیا کے ہر انسان کے لیے خوشی کا باعث ہے کیونکہ محمد مصطفیﷺ تمام انسانیت کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے اور جو جو انکی پیروی کرتا ہے وہ دو جہانوں میں فلاح پا جاتا ہے آپؐ کے اسوۃ حسنہ کو کامیابی کی ضمانت قرار دیا گیا ہے آپﷺ نے اپنی حیات مبارکہ میں عمل اور کردار سے دنیا میں انقلاب برپا کر دیا تھا آپ رہتی دنیا تک وہ واحد لیڈر ہیں جن کی سنت پر عمل کر کے انسان کامیابی کا سو فیصد حصول یقینی بنا سکتا ہے آپ نے تمام مذاہب کے پیروکاروں سے برابری کی بنیاد پر سلوک روا رکھا اور یہی وہ ایک وجہ تھی جس نے بڑے بڑے زمینی ناخداؤں کو ورطہ حیرت میں نہ صرف ڈالا بلکہ وہ جوق در جوق محمدیﷺ قافلے کا حصہ بنتے گئے۔ربیع الاول کی آمد کے موقع پر دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی اس بھرپور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے درود و سلام کی صداؤں میں جلوس مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوتے ہیں اور علمائے کرام سیرت محمد ﷺ پر روشنی ڈالتے ہیں تحصیل کلرسیداں کے دوسرے بڑے شہر چوک پنڈوڑی میں گزشتہ د س سالوں سے شہر کے وسط میں ایک خوبصورت سٹیج سجایا جاتا ہے جہاں محمدی ؐ شمع کے پروانوں کا شاندار استقبال کیا جاتا ہے سٹیج لگانے کا مقصد علاقہ بھر سے آنے والے قراء حضرات‘ثناء خوان حضرات‘علمائے کرام اور بالخصوص خوبصورت جلوسوں کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کرنا ہوتا ہے جس کے لیے انھیں سٹیج پر مدعو کر کے تحائف پیش کیے جاتے ہیں یہ سٹیج مسلسل دسویں سال اس مرتبہ پھر سجایا گیا تھا چوک پنڈوڑی شہر کے اطراف سے ہر سال50کے قریب چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوتے ہیں جو مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے خاکساران مدینہ میلا د کمیٹی کے زیرانتظام سجائے گئے سٹیج پر پہنچتے ہیں جہاں تلاوت‘نعت اور علمائے کرام خطاب کرتے ہیں ازاں بعد انعامات کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے اس موقع پر ٹریفک پولیس کلرسیداں‘پنجاب پولیس چوکپنڈوڑی پولیس چوکی‘پٹرولنگ پولیس‘رضاکار فورس کے اہلکار بھرپور انداز میں فرائض منصبی ادا کرتے ہیں اور ٹریفک کی روانی سمیت شرکاء کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے اس سے قبل یکم ربیع الاول کے آغاز سے شہر کو دلہن کی طرح سجایا جاتا ہے جس میں مقامی رہائشیوں سمیت‘مارکیٹ مالکان بڑی جانفشانی سے حصہ لیتے ہیں رنگ برنگی جھنڈیاں اور خوبصورت لائٹنگ سے مین شاہراہ کشمیر پر واقع اس شہر کی خوبصورتی اور بھی اضافہ ہو جاتا ہے اسے قبل اسی میلاد کمیٹی بزم خاکساران مدینہ کے زیر اہتمام گزشتہ چار سالوں سے ایک انقلابی پروگرام کا آغاز کیا گیا جس میں کمیٹی کو بھرپور پذیرائی ملی علاقہ کے عوام نے بھرپور انداز میں اس پروگرام کو کامیاب بنایا اور یہ پروگرام ہے مقابلہ حسن قرات و نعت شروع شروع میں کمیٹی کو کافی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا،مقابلہ حسن قرات و نعت پر تفصیلی بات کرنے سے قبل یہ ضرور بتایا چلوں کہ امسال تقریبا ستر کے قریب علاقہ بھر سے طلباء نے مقابلہ میں شرکت کی اور یہ وہ تعداد ہے جسے کمیٹی اراکین نے بذریعہ واٹس ایپ موصول ہونے والی تیس سیکنڈز کی ویڈیو دیکھنے کے بعد شارٹ لسٹ کیا تھا مقابلہ حسن قرات و نعت میں مدارس‘سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جس میں تین سیشن ہوئے پہلے سیشن میں قرات‘دوسرے سیشن میں نعت گروپ 1اور تیسرے سیشن میں نعت گروپ 2کے طلباء نے اپنی آواز کا جادو جگاکر حاضرین محفل پر خوب سحر طار ی کر دیا مقابلہ قرات میں پہلی پوزیشن محمد رومان ولد حافظ آصف‘دوسری حافظ حاشر ولد امجد علی اور تیسر ی محمد جمال اکبر ولد عابد حسین نے حاصل کی‘ مقابلہ نعت کی پہلی کیٹگری میں پہلی پوزیشن محمد حبیب اللہ ولد علامہ وحید فاروق‘دوسری زیان عاصم ولد محمد عاصم‘تیسری محمد خلیل اللہ ولد محمد اشفاق دوسری کیٹگری میں شاہزیب کیانی ولد یاسر کیانی اور محسن علی ولد کامران نے پہلی‘محمد عمر ولد محمد تاج دوسری اور محمد امتیاز ولد شاہ نور نے تیسری پوزیشن حاصل کی اس موقع پر سامعین کی خاصی تعداد موجود تھی پروگرام کے مہمان خصوصی صدارتی ایوارڈ یافتہ متعدد کتب کے مصنف گولڈ میڈل لسٹ قمر محمود عبداللہ تھے جنھوں نے پروگرام کو علاقہ کے بچوں کے لیے خوبصورت پلیٹ فارم قرار دیا ان کا کہنا تھا کہ ذہین طلباء اپنی آواز کا جادو جگانے کے لیے یہاں ضرور حصہ لیں۔پروگرام کے آخر میں معروف نعت گو شاعراینکر پرسن پروفیسر شاہد جمیل منہاس نے اپنے ہی لکھے خوبصورت کلام کو پیش کر کے محفل میں سماں باندھ دیا۔تحریر کے آخر میں میلاد کمیٹی بزم خاکساران مدینہ کے بانی اراکین کا ذکر کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ جن کی دن رات کی محنت سے دس ربیع الاول کی شب مقابلہ حسن قرات و نعت اور پھر بارہ ربیع الاول کے موقع پر خوبصورت سٹیج سجایا جاتا ہے۔کمیٹی اراکین میں صوفی محمد اخلاق نئی آبادی‘حافظ محمدجہانگیر مدنی کلاتھ ہاؤس‘مدثر حفیظ بھٹی ایڈووکیٹ موہڑہ کھوہ‘عبدالرحمن موہڑہ کھوہ‘ عبدالجبارچوہدری موہڑہ حیال اور بندہ ناچیز راقم الحروف بھی شامل ہے۔
267